خشک سالی سے کیا مراد ہے؟

What is drought in Urdu خشک سالی
$ads={1}

خشک سالی قدرتی آب و ہوا کے چکر میں ایک طویل خشک مدت ہے جو دنیا میں کہیں بھی ہوسکتی ہے۔ خشک سالی کو عام حالات سے زیادہ خشک قرار دیا جاتا ہے۔ غیر معمولی طور پر خشک موسم کی مدت پانی کی کمی کی وجہ سے متاثرہ علاقے میں مائیات کے عدم توازن کا باعث بنتی ہے۔ یہ ایک سست شروع ہونے والی آفت ہے جس کی بنیادی وجہ بارش کی کمی ہے جس کے نتیجے میں پانی کی قلت ہو جاتی ہے۔ خشک سالی صحت، زراعت، توانائی، کاشتکاری اور ماحولیات پر سنگین اثرات مرتب کرتی ہے اور مقامی معیشت کو نقصان پہنچاتی ہے۔ خشک سالی دنوں، مہینوں یا سالوں تک رہ سکتی ہے۔ خشک سالی ایک پیچیدہ رجحان ہے جس کا تعلق پانی کی عدم موجودگی سے ہے۔ اس کی نگرانی اور تعریف کرنا مشکل ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بڑھتا ہوا درجہ حرارت پہلے سے خشک علاقوں کو مزید خشک اور نم علاقوں کو مزید نم بنا رہا ہے۔ خشک علاقوں میں اس کا مطلب یہ ہے کہ جب درجہ حرارت بڑھتا ہے تو پانی زیادہ تیزی سے بخارات میں تبدیل ہو جاتا ہے اور اس طرح خشک سالی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے یا خشک سالی کا دورانیہ مزید لمبا ہو جاتا ہے۔ سمندری طوفانوں کے بعد خشک سالی دوسری بڑی آفت ہے۔ موسمی واقعات جیسے کہ سمندری طوفان، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے برعکس خشک سالی کی پیشین گوئی کرنا مشکل ہوتا ہے کہ یہ کب شروع ہوگی اور کب ختم ہوگی۔ خشک سالی خشک زراعت کو بھی متاثر کرتی ہے اور خشک سالی قحط کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

ایک اندازے کے مطابق عالمی سطح پر ہر سال 5 کروڑ 50 لاکھ افراد خشک سالی سے متاثر ہوتے ہیں اور خشک سالی دنیا کے تقریباً ہر حصے میں مویشیوں اور فصلوں کے لیے سب سے زیادہ سنگین خطرہ ہے۔ خشک سالی لوگوں کی روزی روٹی کو مشکل بناتی ہے، بیماری اور موت کا خطرہ بڑھاتی ہے اور بڑے پیمانے پر لوگوں کو نقل مکانی کرنے پر مجبور کر دیتی ہے۔ طویل عرصے تک بارشوں کی کمی کسانوں کی مشکلات میں اضافہ کرتی ہے جس سے فصلوں کی کاشت متاثر ہو جاتی ہے۔ پانی کی کمی دنیا کی 40 فیصد آبادی کو متاثر کر رہی ہے اور 2030 تک خشک سالی کے نتیجے میں تقریباً 70 کروڑ افراد کے بے گھر ہونے کا خطرہ ہے۔

خشک سالی کے ابتدائی اثرات کو فوری طور پر پہچاننا مشکل ہوتا ہے۔ اس کے اثرات معلوم کرنے میں ہفتوں یا مہینوں لگ سکتے ہیں کہ خشک سالی شروع ہو گئی ہے یا نہیں۔ اسی طرح سے خشک سالی کے ختم ہونے کے بارے میں فوری طور پر جاننا بھی مشکل ہے۔ بعض اوقات کسی علاقے میں ایک دہائی یا اس سے زیادہ عرصے تک خشک سالی کے حالات موجود رہ سکتے ہیں۔ خشک سالی جتنی زیادہ دیر تک رہتی ہے لوگوں پر اس کے اتنے ہی زیادہ نقصان دہ اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اگر آپ شیئر کریں گے تو ہماری حوصلہ افزائی ہو گی
جدید تر اس سے پرانی