سورج مکھی کی کاشت سے کٹائی تک مکمل معلومات

Cultivation of sunflower in Pakistan Urdu سورج مکھی کی کاشت
$ads={1}

سورج مکھی ایک اہم خوردنی تیل دار فصل ہے۔ یہ خوردنی تیل کی ملکی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ جیسا کہ ہم جانتے ہیں پاکستان اپنی خوردنی تیل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہرسال تقریباً 350 ارب روپے کا خوردنی تیل دوسرے ممالک سے درآمد کرتا ہے۔ جو مہنگا ہونے کی وجہ سے قیمتی اربوں روپے کے ضیاع کا سبب بھی بنتا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہر کسان اپنے زمین اور آب و ہوا کو مدنظر رکھتے ہوئے دوسری فصلوں کے ساتھ اپنے رقبے کے کچھ حصے پر لازمی سورج مکھی کاشت کرے کیونکہ سورج مکھی بھی اب ایک منافع بخش فصل بن چکی ہے۔

وقت کاشت

سورج مکھی کی کاشت کےلیے پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پہلے حصے میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور شامل ہیں۔ ان اضلاع میں سورج مکھی کی کاشت کا بہترین وقت 20 دسمبر سے 31 جنوری 2023 تک ہے۔

دوسرے مرحلے میں بہاول پور، بہاول نگر، رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، لیہ، لودھراں، بھکر اور وہاڑی شامل ہیں۔ ان اضلاع میں سورج مکھی کی کاشت کا بہترین وقت یکم تا 31 جنوری 2023 تک مقرر کیا گیا ہے۔

جبکہ تیسرے مرحلے میں میاںوالی، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، گجرانوالہ، لاہور، منڈی بہاؤالدین، قصور، شیخوپورہ، ساہیوال، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ننکانہ صاحب شامل ہیں۔ ان اضلاع میں سورج مکھی کی کاشت کا بہترین وقت 15 جنوری تا 15 فروری 2023 تک ہے۔

زمین کا اتخاب

بھاری میرا زمین سورج مکھی کی کاشت کے لیے بہت موزوں ہے۔ سیم زدہ، کلراٹھی اور زیادہ ریتلی زمین اس کے لیے موزوں نہیں ہے۔

شرح بیج

سورج مکھی کی کاشت کے لیے 2 کلو ہائبرڈ بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ کاشت سے پہلے بیج کو پھپھوندی کش زہر تھائیوفنیٹ میتھائل بحساب 2 گرام فی کلوگرام بیج ضرور لگائیں۔

طریقہ کاشت

سورج مکھی کی فصل سے اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لیے سورج مکھی کی کاشت بزریعہ ڈرل کریں۔ قطاروں کا درمیانی فاصلہ اڑھائی فٹ اور پودوں کا درمیانی فاصلہ 9 انچ رکھیں۔ سورج مکھی کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے موزوں سورج مکھی کی وقت پر کاشت انتہائی ضروری ہے کیونکہ تاخیر سے کاشت کی صورت میں سورج مکھی کی فی ایکڑ پیداوار میں بڑی حد تک کمی واقع ہوتی ہے۔

سورج مکھی کے بیج کی اقسام

سورج مکھی کی سفارش کردہ اقسام ہائی سن 33، ٹی 40318 اور اگورا 4، سن 7 یو ایس 666، یو ایس 444، این کے آر منی، پارسن 3، آکسن 5264، آکسن 5270، ایس 278، اوریسن 516، اوریسن 648، اوریسن 675، اوریسن 701، رائینا اور ایچ ایس ایف 350 اے شامل ہیں۔

آبپاشی

سورج مکھی کی فصل کو عام طور پر چار مرتبہ آبپاشی کی ضرورت ہوتی ہے۔ پہلی آبپاشی فصل اگنے کے 20 دن بعد، دوسری آبپاشی پہلے پانی کے 20 دن بعد، تیسری آبپاشی پھول نکلتے وقت اور چوتھی آبپاشی بیج بنتے وقت کرنی چاہیے۔ بعض اوقات موسمی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے آبپاشی میں کمی یا زیادتی کی جا سکتی ہے۔

کھادوں کا استعمال

بوائی کے وقت کمزور زمین میں پونے دو بوری ڈی اے پی، ایک بوری ایس او پی اور اوسط زرخیز زمین میں ڈیڑھ بوری ڈی اے پی اور ایک بوری ایس او پی فی ایکڑ استعمال کریں۔

حملہ آور کیڑے

سورج مکھی کی فصل پر دیمک، ٹوکا، سفید مکھی، چست تیلہ، امریکن سنڈی اور لشکری سنڈی حملہ آور ہوتے ہیں۔

کٹائی

جب سورج مکھی کے پھولوں کی پشت زرد ہو جائے، پھولوں کی پیلی پتیاں خشک ہو جائیں اور سبز پتیاں بھوری ہوجائیں تو فصل کی کٹائی کر لینی چاہیے۔ بیج کو ہارویسٹر کی مدد سے پھولوں سے الگ کر لیں اور بیج کو اچھی طرح خشک کریں۔ سورج مکھی کی اچھی قیمت حاصل کرنے کےلیے بیج میں نمی کا تناسب 8 فیصد اور کچرا 2 فیصد سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔

اچھی زرخیز زمین، صحت مند بیج کا انتخاب، وقت پر کاشت، ضرورت کے مطابق کھاد اور پانی کا استعمال اور بہتر دیکھ بھال سے سورج مکھی کی 35 سے 40 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔

اگر آپ شیئر کریں گے تو ہماری حوصلہ افزائی ہو گی
جدید تر اس سے پرانی